کاروں پر 37 سے 43 فیصد ٹیکس آٹو انڈسٹری کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ قرار : آٹو انڈسٹری کے ساتھ دودھ دینے والی گائے جیسا برتاؤ

پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ ایکسے سریز مینوفیکچررز(پاپام) کے چیئرمین عبدالرحمان عزیز نے کہا ہے کہ کاروں پر 37سے 43 فیصد ٹیکسوں کا نفاذ آٹو انڈسٹری کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان آٹو شو 2023کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عبدالرحمان عزیز نے کہا ہے کہ حکومت آٹو انڈسٹری کے ساتھ دودھ دینے والی گائے جیسا برتاؤ کرتے ہوئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا بند کرے، آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ حکومتی ٹیکس کم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ  آٹو انڈسٹری صرف پسنجر کاروں اور ایس یو ویز تک ہی محدود نہیں، مینوفیکچرنگ بیس کو وسیع کرتے ہوئے بحران کا شکار انڈسٹری کو بحالی کی راہ پر ڈالنے کے لیے حکومتی ٹیکسوں میں کمی ضروری ہے۔

چیئرمین پاپام کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 300 کے لگ بھگ کمپنیاں کاروں کے ہزاروں پرزے تیار کررہی ہیں جو بڑے پیمانے پر روزگار کی فراہمی کے ساتھ ملک کی صنعتی پیداوار بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔