پیٹرول کی قیمت ایک بار پھر کم ہوگی؟ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا مسودہ تیار

آئندہ ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں فی بیرل 5 ڈالر کمی ہونے کے پیشِ نظر یکم نومبر سے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 سے 16 روپے کی فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمت بھی یکم نومبر سے کم ہوگی، جس کے لیے اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔

ذرائع مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی حتمی سمری 31 اکتوبر کو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ حتمی قیمتوں کا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے رہے کہ 16 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 40 روپے، ڈیزل بھی 15 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔