چاند گرہن، مسجد الحرام سمیت سعودیہ بھر کی مساجد میں نماز خسوف کی ادائیگی

رواں سال کا آخری چاند گرہن سعودی عرب میں بھی دیکھا گیا اس موقع پر مسجد الحرام سمیت مملکت کی تمام مساجد میں نماز خسوف ادا کی گئی۔

 رواں سال کا دوسرا اور آخری چاند گرہن ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ہوا جس کا نظارہ پاکستان، سمیت ایشیا، آسٹریلیا، امریکا، افریقہ اور اٹلانٹک کے ممالک میں کیا گیا۔ سعودی عرب میں بھی جزوی چاند گرہن دیکھا گیا۔

اس موقع پر سعودی وزارت اسلامی امور کی جانب سے آئمہ مساجد کو نماز خسوف ادا کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس کے بعد مسجد الحرام مکہ مکرمہ سمیت مملکت کے تمام علاقوں کی مساجد میں نماز خسوف ادا کی گئی۔

مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں شیخ ڈاکٹر بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے نماز خسوف کی امامت کی۔


سعودی عرب میں جزوی چاند گرہن کا دورانیہ ایک گھنٹہ 17 منٹ پر محیط تھا جو مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 35 منٹ پر شروع ہوا اور رات 11 بج کر 52 منٹ پر اختتام پذیر ہوا۔