پولیس کا کہنا ہے کہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم نے خودکشی کی ہے۔
ریجنل پولیس افسر (آر پی او) ملتان سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خودکشی کی ہے، ڈی پی او نے خودکشی کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی ہے۔
آر پی او ملتان کے مطابق عاصم جمیل نفسیاتی مریض تھے اور کئی سال سے ادویات لے رہے تھے، انہوں نے 30 بور کے پستول سے اپنے آپ کو گولی ماری۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل نے اپنے ملازم عمران سے پستول منگوایا، چھاتی کی جناب پستول کیا تو عمران نے ایسا کرنے سے منع کیا۔
پولیس کے مطابق عاصم جمیل نے پسند کی شادی کی تھی اوربعد میں طلاق ہوگئی تھی۔
ڈی ایس پی میاں چنوں کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کی خود کشی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
مولانا طارق جمیل نے اپنے ایکس ( ٹوئٹر ) پیغام میں بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے۔ بیٹے کی موت کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے سب سے بیٹے کے لیے دعائے مغفرت کی درخواست کی ہے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او خانیوال اور سینئرپولیس افسران موقع پرموجود ہیں اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔