گیس کی قلت کے باوجود گیزر کی فروخت میں اضافہ

سردیوں کی آمد پر ہرسال گیزر کی طلب بڑھ جاتی ہے لیکن اس بار سوئی گیس کی قلت کے باوجود گیس گیزر کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی سوئی گیس کی قلت کے باوجود گیس گیزر کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ دوسری جانب مقامی سطح پر غیرمعیاری گیس گیزر کی تیاری بھی جاری ہے

مگر مقامی سطح پر جگہ جگہ تیار ہونے والے ان گیس گیزرز کی چیکنگ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کے باعث کسی بھی وقت کسی بھی جگہ ناخوشگوار واقعات کا احتمال بڑھتا جارہا ہے۔

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں نے گرم پانی کے حصول کیلئے گیس گیزرز کی تنصیب شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گیس گیزرز کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے نیز بازار میں 25گیلن سے لیکر 50گیلن تک کاگیزر 35 ہزارروپے سے لے کر 45ہزار روپے تک فروخت کیا جارہا ہے۔

مزید برآں شہریوں نے خراب گیس گیزرز کی مرمت کیلئے بھی اقدامات شروع کردیئے ہیں اور انہیں کاریگروں کی بھاری مزدوریاں ادا کرنا پڑرہی ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے پردکاندار اور کاروباری و تجارتی لوگ شہریوں سے منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں مناسب حکمت عملی کی بھی اپیل کی ہے۔