کراچی میں ہلاک 4 ڈاکوؤں کی شناخت، 2 افغانی نکلے : ملزمان کا مزید کریمنل ریکارڈ بھی طلب

کراچی کے علاقے ملیر سعود آباد میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے 4 ڈاکوؤں کی شناخت کر لی گئی، دو کا تعلق افغانستان سے ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو میں اختر گل، قمرالدین، حیدرخان اور خان محمد شامل ہیں، اختر گل اور خان محمد کا تعلق افغانستان سے تھا۔

اختر گل اور خان محمد کراچی میں افغان کیمپ اور ملیر اللّٰہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے، ملزم قمر الدین کا تعلق کراچی اور حیدر خان کا تعلق پشین سے ہے۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کا کریمنل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کورنگی حسن سردار نے پریس کانفرنس کے دوران  بتایا تھا کہ 4 رکنی گینگ شہریوں سے لوٹ مار کر رہا تھا، پولیس پہنچی تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں 4 ڈاکو مارے گئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور 2 شہری زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی حسن سردار کا کہنا تھا کہ ایک شہری کو کندھے اور دوسرے شہری کو پیٹ میں گولی لگی ہے، شہریوں پر گولی چلانے والوں کو گولی سے ہی جواب دیا جائے گا۔

حسن سردار کا کہنا تھا کہ ملزمان نے آج ہی کورنگی کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کی تھیں، ملزمان سے 32 موبائل فون، مسروقہ سامان، اسلحہ اور موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے سے ملزمان کے پیچھے لگے تھے، وارداتوں کا یہ ہی وقت تھا، ہلاک ملزمان کی شناخت تاحال نہیں ہوئی ہے۔