مولانا یوسف جمیل نے چھوٹے بھائی کی خودکشی کی تصدیق کردی،ویڈیو بیان جاری 

 اسلام آباد:معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق مرحوم کے بڑے بھائی مولانا یوسف جمیل نے کردی۔

مولانا طارق جمیل کے ایکس اکاؤنٹ پر 29 اکتوبر کی شب بیٹے کے انتقال کی تصدیق کی گئی تھی۔

پوسٹ میں مولانا طارق جمیل نے کہا تھا کہ تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے، اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔

مرحوم کے بڑے بھائی نے ویڈیو پیغام میں عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کردی اور کہا کہ میرا بھائی عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کا مریض تھا۔

مولانا یوسف جمیل نے کہا کہ عاصم جمیل کی بیماری میں پچھلے 6 ماہ سے شدت آگئی تھی، بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے عاصم کو الیکٹرک شاک لگائے جارہے تھے تاہم الیکٹرک شاک دینے سے بھی کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا گزشتہ روز وہ اتفاقاً گھر میں اکیلا تھا، تکلیف اور اذیت برداشت نہیں کرسکا اور عاصم نے سکیورٹی سے بندوق لے کر خود کو گولی مارلی۔

بھائی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں کہ کسی سے دشمنی تھی یا کسی نے حملہ کیا،یہ اس کی تقدیر تھی اور ہم اللہ کے اس فیصلے پر راضی ہیں۔