سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر حملہ، سعید بھرم، فہیم مرچی، ناصر کھجی 29 برس بعد بری

کراچی: سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر حملے کے ملزمان کو عدالت نے 29 برس بعد با عزت بری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق 1995 میں ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر سے حملے کے کیس میں اے ٹی سی عدالت نے 29 برس بعد مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔

استغاثہ ایک بار پھر بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز سعید بھرم و دیگر پر جرم ثابت کرنے میں ناکام ہو گئی، اور عدالت نے سعید بھرم، فہیم مرچی اور ناصر کھجی کو باعزت بری کر دیا۔

عدالت نے حکم جاری کیا کہ ملزمان کسی اور مقدمے میں نامزد نہیں ہیں تو انھیں رہا کیا جائے، پراسکیوشن کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 1995 میں سندھ سیکریٹریٹ پر راکٹ لانچر سے حملہ کیا تھا، جس میں اس وقت کے وزرا نثار کھوڑو سمیت دیگر کے دفاتر تباہ ہو گئے تھے۔

پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمات درج ہیں، 2016 میں فہیم عرف مرچی اور ناصر عرف کھجی کو گرفتار کیا گیا، ملزمان نے اعتراف کیا تھا کہ وارداتوں کے لیے اسلحہ سعید بھرم فراہم کرتا تھا۔