پسند کی شادی پر جرگہ کرنیوالے بااثرافراد کیخلاف پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی: ورثاء کا الزام

رحیم یارخان کے چک جعفر آباد میں پسند کی شادی کرنے پر مبینہ جرگہ بلائے جانے کے معاملے میں متاثرہ لڑکے کے ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ جرگہ کرنے والے بااثر افراد کے خلاف پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔

رحیم یارخان پولیس کا کہنا ہے کہ چک جعفر آباد میں پسند کی شادی کرنے پر مبینہ جرگہ بلائے جانے کے ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

پولیس کے مطابق پنچایت کے افراد نے اسٹامپ پیپر پر جرگہ نہ ہونے کی تحریر دی ہے۔

دوسری جانب پسند کی شادی کرنے والے لڑکے کے ورثاء کا کہنا ہے کہ بااثرافراد کے خلاف پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی جبکہ ہم نے ونی جرگہ کے حلفیہ بیان بھی جمع کروا دیے ہیں۔

ورثاء نے  بتایا کہ جرگے میں لڑکے کی 17 سالہ بہن کو لڑکی کے 65 سالہ والد سے ونی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لڑکے کے ورثاء نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ جرگے کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر جوڑے کو قتل کرنے کا فیصلہ دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ چک جعفر آباد کے جوڑے نے چند ماہ پہلے پسند کی شادی کی تھی۔

شادی کرنے والے جوڑے نے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جان کو خطرہ ہے تحفظ دیا جائے۔