کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ایم کیوایم لندن کا خطرناک ٹارگٹ کلرگرفتار

سی ٹی ڈی نے لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کا خطرناک ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا ہے، جو نارتھ کراچی کلنگ ٹیم کا رکن رہا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں کامیاب کارروائی کے دوران ایم کیوایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا، جس کی شناخت رحمان قریشی عرف ببلو کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ملزم رحمان قریشی نارتھ کراچی کلنگ ٹیم کا رکن رہا ہے، اس نے 2011 میں لسانی بنیاد پر اجمیرنگری میں ایک شخص کو قتل کیا، اور اسی سال ساتھیوں کے ساتھ مل کر مخالف گروپ کے 3 کارکنوں کو قتل کیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق 2012 میں ملزم نے سیاسی جماعت کے کارکن طلحہ کو قتل کیا، اور 2013 میں سیاسی جماعت کے کارکن حامد اور ایک نامعلوم عورت کو قتل کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتارملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، اور اہم انکشاف کی توقع ہے۔