بھارت میں اپنے پسندیدہ کرکٹر ویرات کوہلی پر تنقید کرنا ان کے مداحوں کو بالکل پسند نہ آیا اور تنقید کرنے والے اخبار کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ویرات کوہلی کے مداحوں نے کوہلی کی بیٹنگ تکنیک پر تنقید کرنے پر مقامی ہندی اخبار 'دینک جاگرن' کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اخبار کی کاپیاں جلادیں اور بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
اخبار کے صحافی ابھیشیک ترپاٹھی نے روزنامہ جاگرن میں اپنے ایک آرٹیکل 'سنچری پر دو مخلتف نظریے'میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے ویرات کوہلی پر تنقید کی۔
اس آرٹیکل میں صحافی نے کہا کہ کوہلی نے رواں ورلڈکپ میں سنچریاں مکمل کرنے پر زیادہ توجہ دی جبکہ روہت شرما ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں اور بڑے شاٹس پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔
تاہم ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان موازنہ کرنے اور پھر ویرات پر تنقید کرنے پر کوہلی کے مداحوں نے پیرکو روزنامہ جاگرن کی کئی کاپیاں جلا دیں اور سوشل میڈیا پر بائیکاٹ 'دینک جاگرن' کے ہیش ٹیگ سے ٹرینڈ چلا دیا۔
سوشل میڈیا پر کئی تصاویر وائرل ہورہی ہیں جس میں کوہلی کے مداح اخبار کی کاپیاں جلا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں ورلڈکپ میں بھارت نے 6 میچز کھیلیں ہیں اور وہ اب تک ناقابل شکست ہے، 12 پوائنٹس کے ساتھ بھارتی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے۔