'بیٹ لگا ہے یا پیڈ؟' رضوان کے بیٹر سے سوال پر کمنٹیٹرز بھی قہقہہ لگانے پر مجبور ہوگئے

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں گزشتہ روز پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں قومی کرکٹ ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دی۔

میچ کی پہلی اننگز کے دوران جب بنگلادیش کی بیٹنگ جاری تھی تب 42 اوور میں شاہین نے تسکین احمد کو گیند کرائی جسے پیچھے سے وکٹ کیپر محمد رضوان نے پکڑ لیا۔

شاہین آفریدی سمجھے یہ 'کاٹ بیہائنڈ' یعنی بلے سے گیند لگ کر رضوان نے پکڑی تو یہ آؤٹ ہوگیا، انہوں نے آؤٹ کی اپیل کی لیکن امپائر نے آؤٹ نہیں دیا، شاہین سمیت کپتان بابراعظم نے رضوان سے پوچھا کہ ریویو لینا چاہیے ا نہیں کیونکہ رضوان بیٹر کے بالکل پیچھے کھڑے ہی وکٹ کیپنگ کررہے تھے۔

اب رضوان خود بھی تذبذب کا شکار دکھائی دیے، انہوں نے اسی دوران جلد بازی میں خود بلے باز تسکین احمد سے پوچھ ڈالا 'گیند پیڈ پر لگی ہے یا بیٹ پر؟'

جواب میں تسکین احمد نے کہہ دیا 'پیڈ پر لگی ہے'، اس پر رضوان نے بابر اور شاہین کی طرف متوجہ ہوکر کہا گیند پیڈ پر لگی ہے وہ کہہ رہا ہے۔

رضوان کی اس معصومیت پر کمنٹیٹرز بھی قہقہہ لگانے پر مجبور ہوگئے۔

قومی وکٹ کیپر بیٹر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔