لنکڈان استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک ارب سے زائد ہوگئی

ملازمت کی تلاش میں مدد فراہم کرنے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈان کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہوگئی۔

مائیکرو سافٹ کی زیر ملکیت اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ اور دیگر ٹولز متعارف کرائے گئے۔

یہ نیا چیٹ بوٹ اور اے آئی ٹولز پریمیئم صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

لنکڈان میں صارفین سی وی جیسی پروفائل تیار کرتے ہیں جس میں ان کی تعلیم، ملازمت کا تجربہ اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔

اب یہ ان سوشل میڈیا نیٹ ورکس میں شامل ہوگیا ہے جن کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے زائد ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کے 20 فیصد صارفین امریکا جبکہ 80 فیصد دنیا کے دیگر حصوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

اس سروس کا استعمال مفت ہے مگر نئے اے آئی فیچرز کا استعمال سبسکرپشن پروگرام کا حصہ بننے والے صارفین ہی کر سکیں گے جو ماہانہ 40 ڈالرز فیس ادا کرتے ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ ان نئے فیچرز سے صارفین کو جلد ملازمت کے حصول میں مدد ملے گی۔

ان صارفین کو چیٹ بوٹ کی جانب سے پروفائل میں ایسی تبدیلیاں کرنے کا مشورہ دیا جائے گا جو کسی ملازمت کے لیے انہیں زیادہ اہل بنا سکیں گی۔

لنکڈان کی جانب سے ایک نیا بٹن بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک کا حصہ بنایا گیا ہے جو طویل پوسٹس کی سمری بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔