جہلم: اسمگلرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اے این ایف اہلکار زخمی ہوگیا جب کہ سیکڑوں کلو منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اے این ایف انٹیلی جنس اور منشیات اسمگلرز کے مابین جہلم میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں اے این ایف اہلکار زخمی ہوگیا۔ گولی لگنے سے ایک اسمگلر بھی زخمی ہوا، جسے اس کے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
ایک ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعے کے بعد 343 کلوگرام سے زائد منشیات ، گاڑی و اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔
حکام کے مطابق اے این ایف انٹیلی جنس ونگ کو اطلاع ملی تھی کہ منشیات کی بڑی کھیپ اسمگل کی جا رہی ہے، جس کے بعد دینہ چیک پوسٹ جہلم پر مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تو کار سواروں نے ٹیم پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار کی کوشش کی۔
اے این ایف ٹیم نے تعاقب کرکے ڈومیلی چوک پر ملزمان کو روک لیا، تاہم ملزمان و اے این ایف کے مابین کراس فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہل کار ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ گولی لگنے سے ایک اسمگلر بھی زخمی ہوا، جسے ساتھی سمیت گرفتار کرلیاگیا۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ ملزمان کا تیسرا ساتھی قریب کے جنگل میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
بعد ازاں تلاشی لینے پر گاڑی سے مجموعی طور343 کلوگرام سے زائد منشیات جس میں 277 کلو 200 گرام چرس اور 67 کلو 200 گرام افیون برآمد ہوئی۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔