دودھ کی دکان پر واردات : مالک نے فائرنگ کرکے ڈاکو کو ہلاک کردیا

کورنگی کے علاقے میں دودھ کی دکان پر ڈکیتی کے دوران مالک نے فائرنگ کرکے ڈاکو کو ہلاک کردیا۔

کورنگی ساڑھے 3 نمبر میں دودھ کی دکان پر ڈکیتی کی واردات کے دوران دکان کے مالک نے ایک ڈاکو کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا  جب کہ  دوسرا ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

ایک ماہ قبل بھی اسی دودھ کی دکان سے 2 ڈاکو نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔ پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران دکان کے مالک نے موقع ملتے ہی فائرنگ کر کے ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا جب کہ مارے جانے والے ڈاکو کا دوسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ فائرنگ کی آواز سن کر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی، بعد ازاں پولیس پہنچی اور ڈاکو کی لاش جناح اسپتال منتقل کی۔

پولیس نے جائے وقوع سے خول اکھٹے کیے اور دکان کے مالک کا پستول جانچ پڑتال کے لیے قبضے میں لے لیا ۔ پولیس نے دکان کے مالک کو تھانے لے جا کر اس کا بیان قلمبند کر کے افسران بالا کے حکم پر چھوڑ دیا ۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت 25 سالہ شاہ رخ کے نام سے کی گئی ، جس سے لوٹی ہوئی رقم ، ایک پستول اور موبائل فون برآمد کیا گیا۔ دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار تنہا مسلح ڈاکو دودھ کی دکان میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوا ۔

فوٹیج کے مطابق ڈاکو نے دکاندار سے اس کا موبائل فون، نقدی اور کیش کاؤنٹر سے رقم لوٹی ۔ دکاندار دبے قدموں دکان کے پچھلے حصے میں گیا اور وہاں سے اپنا لائسنس یافتہ پستول اٹھا کر اچانک ڈاکو پر فائرنگ کردی ، جس سے ڈاکو زمین پر گر پڑا اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔

دکان کے مالک نے بتایا کہ اس کی دکان پر ایک ماہ قبل بھی ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی جس میں ڈاکو پورے دن کا کیش لوٹ کر لے گئے تھے۔ اس واردات کے بعد اس نے اپنا اسلحہ کا لائسنس بنوا کر پستول خرید کر دکان میں محفوظ جگہ پر رکھ  دیا تھا ۔ آج جب ڈاکو اس کی دکان میں آئے اور واردات کر رہے تھے کہ اسی دوران اس کا بھائی دکان کے اندر سے نکل کر آیا اور ڈاکو کو باتوں میں لگایا۔اسی دوران اس نے بڑی ہمت کر کے پستول نکال کر ڈاکو پر فائرنگ کر دی ۔