ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج ٹکرائیں گی : سیمی فائنل کھیلنے کے لئے میچ میں لازمی فتح درکار

ورلڈ کپ 2023 سیمی فائنل اسپاٹ کی دوڑ کا اہم مقابلہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے نیوزی لینڈ کو کم از کم 84 رنز سے شکست دینی ہوگی یا پھر کویز کی جانب سے دیے گئے ہدف کو 30 سے 35 اوورز اندر حاصل کرنا ہوگا۔

کھلاڑیوں نے بنگلورو میں بالنگ اور بیٹنگ کی جم کر پریکٹس کی، نائب کپتان شاداب خان تاحال فٹ نہ ہوسکے جب کہ قومی ٹیم میں ریزروو اسپن گیند باز ابرار احمد اور فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق حسن علی کو اسامہ میر کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے، ادھر نیوزی لینڈ اسکواڈ میں بھی میٹ ہینری کی جگہ فاسٹ بولر کائل جیمی سن شامل ہوں گے۔

ورلڈ کپ کا میچ بنگلورو میں صبح 10 بجے شروع ہوگا، اہم ترین میچ میں برسات کا بھی امکان ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے دوپہر دو بجے کے بعد بنگلورو میں بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

ون ڈے ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 9 بار آمنے سامنے آئی ہیں، جہاں گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے۔

سال 2011 میں نیوزی لینڈ نے آخری بار پاکستان ورلڈکپ مقابلوں میں شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ پاکستان نے 2019 میں کیویز کو شکست کا مزہ چکھایا تھا۔

واضح رہے کہ پوائنٹس تیبل پر پاکستان 7 میچز میں 3 جیت کے ساتھ 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ نیوزی لینڈ 7 میچز میں 4 فتوحات کے ہمراہ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر قابض ہے۔

ون ڈے ورلڈکپ مقابلوں میں 1983 سے دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آرہی ہیں جہاں نے پاکستان نے 9 جبکہ نیوزی لینڈ نے محض 2 میچز جیت رکھے ہیں۔