بھارت کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان جو آئے دن پاکستانی کرکٹ ٹیم اور پاکستانی کرکٹ فینز پر طنزیہ ٹوئٹس کے سبب سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں رہتے ہیں، اب انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہےکہ الشفا اسپتال کے باہر ایمبولینس پر حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 9000 سے تجاوز کرگئی ہے۔
اس حوالے سے عرفان پٹھان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا کہ 'آئے روز غزہ کے معصوم بچے، خصوصاً 0 سے 10 سال کے بچے اپنی جانیں گنوا رہے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو باعثِ تشویش ہے'۔
سابق بھارتی کرکٹر نے زور دیتے ہوئے مزید لکھا کہ 'بطور کھلاڑی میں صرف آواز بلند کرسکتا ہوں لیکن یہ ہی وقت ہے جب دنیا بھر کے رہنما متحد ہو کر معصوم بچوں کے اس سمجھ سے بالاتر قتل عام کو روکیں اور جنگ بندی کے لیے اقدامات کریں'۔
عرفان پٹھان کی جانب سے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ سامنے آنے پر پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ نے پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے ان کی حمایت کی۔
اداکارہ نے عرفان پٹھان کی ہمت کو داد دیتے ہوئے لکھا کہ 'میرے بھائی، آپ کے حوصلے کو سلام ہے'۔