فیصل آباد:شادی کی تقریب کیلئے ٹینٹ لگانے کے جھگڑے پر مشتعل ملزمان نے فائرنگ کر کے دلہن کے دو بھائیوں کو قتل کر دیا۔
پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی، شادی والے گھرانے میں صف ماتم بچھ گیا، لواحقین کا احتجاج‘ روڈ بلاک، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ،قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ۔
آن لائن کو بتایا گیاہے کہ پیپلزکالونی کے علاقہ ڈوگر بستی میں محمد رمضان کی بیٹی کی شادی تھی اور اس کے بھائی فیصل اور سہیل وغیرہ گھر کے باہر ٹینٹ لگوا رہے تھے کہ ملزمان عباس‘ وسیم‘ سکندر‘ عرس وغیرہ آ گئے اور ٹینٹ لگانے پر جھگڑا ہو گیا تو ان میں تلخ کلامی ہو گئی جس پر ملزمان نے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر دی۔
گولیاں لگنے سے امین کے دو بھائی فیصل اور سہیل بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے تو ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے تو محمد فیصل موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا، جبکہ دوسرے بھائی محمد سہیل کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دونوں بھائیوں کے قتل پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ لواحقین کی طرف سے ستیانہ روڈ گیٹ چوک میں احتجاج کرتے ہوئے روڈ ٹریفک کیلئے بلاک کر دی آنے جانے والی گاڑیوں کی توڑپھوڑ بھی کی گئی پولیس کے خلاف نعرے بازی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔