لاہور: پنجاب کے دارالحکومت کے علاقے پھول نگر میں 13 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے پھول نگر میں پندرہ روز قبل 13 سالہ بچے علی حسن کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، جس کے کیس میں پیشرفت کے حوالے سے ڈی ایس پی عرفان بٹ نے پریس کانفرنس کی اور ملزم کی گرفتاری کے حوالے سے بتایا۔
ڈی ایس پی کے مطابق ملزم نے دوران زیادتی بچے کی اپنے موبائل سے ویڈیو بنائی تھی، ملزم سے برآمد ہونے والے موبائل کو فرانزک کروا کے ڈیلیٹ شدہ ویڈیو اور نازیبا تصاویر حاصل کرلیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی جو نواحی گاؤں خان کے موڑ کا رہائشی اور دینہ ناتھ اڈے پر قائم بیکری میں ملازمت کرتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم عبداللہ نے تیرہ سالہ بچے سے زیادتی اور قتل کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دوسری جانب سٹی پولیس نے موٹرسائیکل چوری میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا، جس میں سرغنہ سمیت تین افراد شامل ہیں۔
سٹی پولیس کے مطابق ملزمان سے 12موٹر سائیکلیں اور ساڑھے تین لاکھ روپے برآمد ہوئے، ملزمان شہر کے گلی محلوں اور رش سے موٹر سائیکلیں چراتے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان محلہ عیدگاہ روڈ لنگڑے والی ڈھاری اور شیر پور روڈ پھول نگر کے رہائشی ہیں۔ حراست میں لیے گئے ملزمان کی شناخت ابوبکر سرغنہ ، اشتیاق اور وقاص ملک کے ناموں سے ہوئی۔