ورلڈ کپ میں بھارت کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرلیا، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں میزبان بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں ٹیمیں یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیل رہی ہیں اور ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیموں نے سات سات میچز کھیلے ہیں جن میں سے بھارت اب تک ناقابل شکست ہے جب کہ جنوبی افریقہ نے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی اور یوں پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے اور جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیموں نے پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
بھارت کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو بنگلہ دیش کے خلاف باؤلنگ کے دوران ٹخنے کی چوٹ سے ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء سے باہر کردیا گیا ہے، آئی سی سی کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی سے منظوری حاصل کرنے کے بعد، تیز گیند باز پرسدھ کرشنا پانڈیا کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ "آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے ہندوستانی سکواڈ میں ہاردک پانڈیا کے متبادل کے طور پر پرسدھ کرشنا کو منظوری دے دی ہے، کھلاڑی کی تبدیلی کے لیے ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری درکار ہوتی ہے اس سے پہلے کہ کھلاڑی کو باضابطہ طور پر اسکواڈ میں شامل کیا جا سکے"۔
ہاردک پانڈیا نے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد مایوسی کا اظہار کیا، ہاردک نے کہا کہ اس حقیقت کو ہضم کرنا مشکل ہے کہ میں ورلڈ کپ کے بقیہ حصے سے محروم رہوں گا، میں ٹیم کے ساتھ ہوں، روح کے ساتھ، ہر کھیل کی ہر گیند پر ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں اور تمام خواہشات، محبت اور حمایت کے لیے شکریہ ناقابل یقین ہے"۔