لاہور:وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے رواں سال حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 652 ملزمان کو گرفتار کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 2023 میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 452 چھاپے مارے گئے جبکہ 453 مقدمات درج کئے گئے اور 652 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ خیبر پختوانخواہ زون سے 308، لاہور سے 73 اور گوجرانوالہ سے 24 ملزمان گرفتار ہوئے۔
فیصل آباد زون نے 55 ملزمان اور ملتان زون نے 50 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ اسلام آباد سے 26، کراچی سے 69، حیدرآباد سے 27 اور بلوچستان زون سے 20 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ کریک ڈاؤن کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کرنسی برآمد ہوئی جس میں 74 لاکھ امریکی ڈالر اور 35 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیرملکی کرنسی شامل ہے۔
برآمد کی گئی کرنسی میں 3 ارب 62 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے بھی شامل ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازے، مارکیٹیں اور دکانیں سربمہر بھی کی گئیں۔