بلوچستان کے ضلع گوادر میں پہاڑی سرنگوں میں چھپائی گئی تقریباً 1800 کلو منشیات پکڑی گئی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
انسداد منشیات فورس کے ترجمان کے مطابق گوادر میں اے این ایف نے منشیات اسمگلر گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1788 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔
منشیات میں 1740 کلو چرس، 28 کلوآئس اور 20 کلو گرام مارفین شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق بر آمد کردہ منشیات افغانستان میں تیار کردہ ہیں، کچھ منشیات کو لکڑیوں اور پتوں سےبنائی گئی جھونپڑی سے برآمد کیا گیا جبکہ باقی منشیات کو پہاڑیوں میں کھودی گئی سُرنگوں میں چھپایا گیا تھا۔
انسداد منشیات فورس کا کہنا ہے کہ منشیات برآمد کرنے کے بعد ذخیرہ کرنے والی جگہوں کو جلا دیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق برآمد کردہ منشیات کو بیرون ملک اسمگل کرنے کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔