کراچی کے شہری ایک ماہ میں 4 ہزار موٹرسائیکلوں اور ڈھائی ہزار موبائلز سے محروم

شہر میں ایک ماہ کے دوران 4 ہزار396 موٹرسائیکلیں چوری اور2 ہزار 446 موبائل فونز چھین لئے گئے۔

سی پی ایل سی نے ماہ اکتوبر کی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق موٹر سائیکل کی چوری کی وارداتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جب کہ اسٹریٹ کرائم، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے واقعات میں بھی اضافہ ریکاڈر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں کراچی کے شہریوں کی 4 ہزار396 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں، جن میں سے 817 موٹر سائیکلیں اسلحے کے زور پر بھی چھینی گئیں، 182 شہریوں کی گاڑیاں چوری کی گئیں اور اسلحے کے زورپر25 گاڑیاں چھین لی گئیں، جب کہ 2 ہزار 446 موبائل فونز سے محروم کر دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 54 گاڑیاں اور 265 موٹر سائیکلیں برآمد کرائیں، جب کہ 51 موبائل فونز کو بھی برآمد کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اغوا برائے تاوان کے 3 مقدمات اور بھتہ خوری کے 10 کیس رپورٹ ہوئے، اکتوبرکےمہینے میں ایک بینک ڈکیتی ہوئی۔