بنگلہ دیشی بولنگ کوچ بھی شکیب کی شرمناک اپیل پر پھٹ پڑے

بنگلہ دیشی بولنگ کوچ بھی شکیب کی شرمناک اپیل پر پھٹ پڑے، بنگلہ دیشی کپتان کی اس حرکت سے خود کو بری الذمہ قرار دیدیا۔

سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ’ٹائم آؤٹ‘ قرار پائے تھے جس کا سہرا بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کو جاتا ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے بولنگ کوچ ایلن ڈونلڈ نے بھی شکیب الحسن کی اس حرکت سے خود کو بری الذمہ قرار دیا ہے۔ 

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ نے کہا کہ اس لمحے وہ سوچ رہے تھے کہ خود گراؤنڈ میں چلے جائیں اور کہیں کہ بہت ہوچکا ہم یہ سب کرنے کے لیے یہاں نہیں آئے۔

واضح رہے کہ امپائرز نے شکیب سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنی اپیل واپس لینا چاہتے ہیں کیونکہ میتھیوز کے ہیلمٹ میں واقعی مسئلہ تھا، جس پر شکیب نے اپیل واپس لینے سے انکار کردیا تھا۔

اس کے بعد مایوس میتھیوز کو کسی بھی گیند کا سامنا کیے بغیر ہی  گراؤنڈ سے واپس جانا پڑا تھا۔ بنگلہ دیش نے اس میچ میں 280 رنز کے ہدف کا تعاقب باآسانی 53 گیندیں پہلے ہی کرلیا تھا۔

گزشتہ سال سے بنگلہ دیش کے باؤلنگ کوچ رہنے والے ڈونلڈ نے میتھیوز کے آؤٹ ہونے کے انداز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں ’ٹائم آؤٹ‘ کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ چیزیں بہت جلدی ہوئیں  اور میں ٹیم کا ہیڈ کوچ نہیں ہوں نہ میں انچارج ہوں۔ آپ ایک دوسرے کے لیے کھیل کے جذبے، عزت اور وقار کی بات کرتے ہیں اور میں واقعی ایسی چیزیں نہیں دیکھنا چاہتا۔

بنگلہ بولنگ کوچ نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ اپیل کر سکتے ہیں لیکن اس لمحے دل چاہا کہ فوری طور پر گراؤنڈ میں جاؤں اور کہوں ارے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

اس واقعے نے ایک زبردست جیت کو دھندلادیا۔