افغانستان کے کوچ جونیتھن ٹراٹ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد افغان ٹیم کو ورلڈکپ سے باہر نہ سمجھا جائے۔
آسٹریلیا کے ہاتھوں تین وکٹوں کی شکست کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم میچ ہارے ہیں لیکن ورلڈکپ سے باہر نہیں ہوئے فی الحال ہمیں ایونٹ سے باہر شمار نہ کیا جائے۔
افغانستان چھٹے نمبر پر ہے اور نیٹ رن ریٹ پر نیوزی لینڈ اور پاکستان سے پیچھے ہے، لیکن آخری چار ٹیموں میں جگہ بنانے کے لیے اسے ایک جیت درکار ہے اور وہ جمعہ کو دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ سے کھیلے گا۔
ٹراٹ نے کہا کہ ہم نیوزی لینڈ سے بہت بھاری میچ ہارے اور اگلا گیم جیت لیا ہم نے انڈیا کا میچ بہت بھاری ہارا لیکن واپس آکر انگلینڈ کو ہرایا، ہمارے پاس واپس آنے کا موقع ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ یہاں رہنا واقعی اچھا ہوگا۔
افغانستان نے اپنی گزشتہ دو ورلڈ کپ مہمات میں صرف ایک میچ جیتا تھا لیکن وہ اب تک ہندوستان میں اپنے آٹھ میں سے چار میچ جیت چکا ہے۔
ٹراٹ نے میکسویل کے بارے میں کہا وہ سب بولرز پر بھاری پڑ رہا تھا اسپنرز مختلف لینتھ پر بولنگ کر رہے تھے وہ انہیں بھی اچھا کھیل رہا تھا جس طرح اس نے کھیلا اسے اس طرح کھیلنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے تھی ہمیں اسے پہلے آؤٹ کر دینا چاہیے تھا۔