ملازم کو تیل کی کڑاہی پر پٹخنے کا واقعہ، آج نیوز کی خبر پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا نوٹس مقتول کے لواحقین کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی

کم عمر ملازم کو مالک کی جانب سے تشدد کے بعد گرم تیل کی کڑاہی پر پٹخنے کی خبر نشر ہونے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان کی تحصیل جام پور کے رانی بازار میں منور نامی مالک نے آصف نامی 14 سالہ ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے ابلتے تیل کی کڑاہی کے قریب پٹخ دیا۔ متاثرہ بچہ کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرگیا۔

خبر نشر ہونے کے بعد چائلڈ پروٹیشن بیورو نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کو مقتول کے لواحقین سے رابطے کی ہدایت کردی ہے۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن سارہ احمد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ راجن پورمیں ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دکاندارنے 14سالہ آصف کو دیہاڑی کا تقاضاکرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا، اور اسے ابلتی کڑاہی پر گرایا۔

سارہ احمد کا کہنا تھا کہ ابلتی کڑاہی گرنے سے آصف کی موت ہوگئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتارکرلیا ہے، مقتول کے لواحقین کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔