ورلڈ کپ 41واں میچ: نیوزی لینڈ کا سری لنکا کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ

ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میچ شروع ہوتے ہی سری لنکن بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم کیوی بولرز بھی ساتھ ساتھ وکٹیں حاصل کرتے رہے۔

نیوزی لینڈ نے ابتدائی 9 اوورز کے دوران 70 رنز دے کر 5 سری لنکن بیٹرز کو واپس پویلین بھیج دیا۔

آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوس اور دھننجایا ڈی سِلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کوشش کی تاہم 16.4 اوورز میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ 104 رنز پر گر گئی جب انجیلو میتھیوس 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سری لنکا کی ساتویں وکٹ 18.3 اوورز میں 105 رنز پر گری جب دھننجایا ڈی سِلوا 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

کین ولیمسن نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، لوکی فرگوسن کو اِش سوڈھی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔

اس موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے، یہ ایک اہم میچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ بنگلورو میں کھیلا جا رہا ہے۔

دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ میں8، 8 میچز کھیل چکی ہیں اور یہ دونوں ٹیموں کا پہلے مرحلے کا آخری میچ بھی ہے۔

نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ میں اپنے 4 اور سری لنکا نے 2 میچز جیتے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ چوتھے اور سری لنکا نویں نمبر پر ہے۔