پنجاب حکومت کا سموگ میں کمی کیلئے ماحول دوست اقدام
دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے اسموگ میں کمی کے لیے ماحول دوست اقدام سامنے آیا ہے۔
فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں کی موٹروے اور ہائی ویز پر داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
پنجاب حکومت اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
وزیراعلیٰ آفس میں محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت پنجاب اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ادھر موٹروے پولیس اور پنجاب حکومت کے درمیان اوورلوڈنگ روکنے کے لیے معاہدہ طے پا گیا، آئی جی موٹروے سلطان علی خواجہ کے مطابق اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کو آج کے بعد کوئی رعائت نہیں دی جائے گی۔
موٹروے بابو صابو بلڈنگ کمپلیکس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی سلطان علی خواجہ کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس میں نفری کی کمی کے باعث پنجاب حکومت سے ایم او یو سائن کیا ہے، جس کے تحت آج کے بعد کوئی مال بردار گاڑی ایکسل لوڈ سے زائد وزن نہیں لے جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ موٹرویز اور ہائی ویز پر 210 ویٹ سٹیشن قائم ہیں جبکہ 14 موبائل ویٹ سٹیشن بھی بنائے جا چکے ہیں، اتارے گئے اضافی وزن کو محفوظ کرنے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی وئیر ہاوْسز تعمیر کرے گی۔
سلطان علی خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ نہ رکھنے والی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بھی ممنوع قرار دیا جا چکا ہے۔