اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے جسمانی ریمانڈ میں خطرات کے پیش نظر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
سپریم کورٹ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے سیشن جج اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے مقدمے سے ڈسچارج کیا، مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کیا،سیشن جج اور لاہور ہائیکورٹ نے اپیل میں جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ دیا۔
پرویز الٰہی نے درخواست میں کہا کہ جسمانی ریمانڈ دینا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ جسمانی ریمانڈ کے سبب جسمانی و ذہنی تشدد اور زندگی کو خطرہ ہے۔عدالت عظمیٰ سے استدعا ہے کہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔