صومالیہ میں حالیہ دنوں میں آنے والے بدترین سیلاب سے تقریباً 100 لوگ جان سے چلے گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خشک سالی کے بعد اب ایک اور قدرتی آفت نے افریقا کے مختلف علاقوں کو گھیر لیا ہے جہاں صومالیہ میں ان دنوں بدترین سیلاب آئے ہوئے ہیں جنہوں نے نظام زندگی کو بری طرح تباہ کردیا ہے۔
حکومت کا کہنا ہےکہ سیلاب کی وجہ سے 2 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب سے تقریباً 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی صومالیہ میں ریاستی ایمرجنسی نافذ کردی تھی اور بتایا جارہا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے 7 لاکھ لوگ بے گھر ہوگئے جب کہ بڑے پیمانے پر زرعی زمین تباہ ہوگئی اور سیلاب میں پل بھی بہہ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ سال کے اپریل تک صومالیہ میں ایسی ہی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔