وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب نے اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں اتوار کو لاک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے نقل و حمل مزید محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سموگ کے تدارک کیلئے پنجاب حکومت کا نیا حکم نامہ جاری
پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک کے حوالے سے اتوار کے روز کے لیے نیا حکم نامہ جاری کردیا، اتوار کے روز پنجاب کے 6 ڈویژنز میں تمام مارکیٹس بھی بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی جانب سے جاری کیے گئے نئے حکم نامے کے مطابق پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک کے لیے اتوار کے روز 6 ڈویژنز میں تمام مارکیٹس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، اس پابندی کا اطلاق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور ساہیوال ڈویژن کے تمام اضلاع پر ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اتوار کے روز ریسٹورنٹس 4 بجے کے بعد کھولنے کی اجازت ہو گی تاہم فارمیسیز، میڈیکل و کریانہ سٹورز، بیکریز، پیٹرول پمپس، یوٹیلیٹی اسٹورز، کال سنٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سنٹرز کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں تمام شہریوں کو آؤٹ ڈور میں ماسک پہننے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اس سے قبل ریلیف کمشنر نے مارکیٹس 4 بجے کھولنے کا نوٹیفکیشن کیا تھا۔
ریلیف کمشنر پنجاب کا اتوار کو لاک ڈاؤن کا حکم
اسموگ کے حوالے سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے اتوار کے روز لاک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں نقل و حمل مزید محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے متاثرہ اضلاع میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز کے تمام اضلاع پر پابندیاں لاگو ہوں گی، اتوار کے روز بازار دن 4 بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، کریانہ اسٹورز اور بیکریز کو پابندی سے استثنیٰ قرار دیا گیا ہے جبکہ پیٹرول پمپس، یوٹیلیٹی اسٹورز، کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز پر بھی پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا، پہلے سے طے شدہ امتحانات اور انٹری ٹیسٹ بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو اسمارٹ لاک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔
ریلیف کمشنر نے کہا کہ افسر فیلڈ میں موجود رہیں اور احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، گزشتہ 2 روزہ لاک ڈاؤن سے اسموگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
نبیل جاوید نے مزید کہا کہ شہری ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں، اسموگ جیسی خطرناک آفت کا مقابلہ مل کر کرنا ہو گا، شہری موجودہ صورتحال میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔
مال روڈ لاہور اتوار کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا، سی ٹی او لاہور
دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور مستنصر فیروز نے کہا ہے کہ مال روڈ لاہور کل بروز اتوار ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گا۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ اتوار کے روز صرف سائیکل سوار اور پیدل شہری مال روڈ کو استعمال کرسکیں گے۔