سوشل میڈیا پر دوست بنانے پر شوہر نے بیوی کا گلہ کاٹ ڈالا

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں شوہر نے سوشل میڈیا پر  دوستیاں کرنے پر اپنی بیوی کا گلہ کاٹ کر اسے قتل کر ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مغربی بنگال کے علاقے ہری نارائن پور میں پیش آیا جہاں شوہر پرمل اور بیوی اپرنا کے درمیان جھگڑا ہوا، جو بیوی کی جان لے گیا۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پرمل کو اپنی بیوی اپرنا کا  بغیر اجازت سوشل میڈیا کا استعمال کرنا اور انجان لوگوں سے دوستیاں کرنا پسند نہیں تھا جس وجہ سے آئے روز دونوں کے درمیان جھگڑا رہتا تھا۔

پولیس کے مطابق بیٹے کی جانب سے بیان دیا گیا کہ والد اکثر والدہ کو جان سے مار کر ٹکڑے کرنے کی دھمکیاں دیا کرتے تھے اور اب جب گھر آیا تو والدہ کی لاش کو خون سے بھرا ہوا پایا جس کی اطلاع پڑوسی کو دی۔

پولیس نے بتایا کہ پڑوسی کا بیان بھی قلم بند کیا گیا جس کے مطابق پرمل نے سبزی کاٹنے والا چاقو اٹھا کر بیوی کا گلہ کاٹ دیا جس سے اس کی موت ہوگئی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ پرمل اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد سے موقعے سے فرار ہے جس کی تلاش کرنے کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے جبکہ قتل میں استعمال ہونے والا چاقو برآمد کر لیا گیا ہے۔