تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد جاں بحق اور 100سے زائد بھیڑ بکریاں ہلاک ہو گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارش ہوئی،مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کاکہنا ہے کہ ننگرپارکر اور چھاچھرو میں آسمانی بجلی گرنے سے 100سے زائد بھیڑ بکریاں ہلاک ہو گئیں۔
بارش کے دوران تحصیل چھاچھرو میں آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد جاں بحق ہوئے،جاں بحق ہونیوالوں میں باپ بیٹا شامل ہیں۔
دوسری جانب ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہوائوں کے سلسلے نے بھرپور انداز میں اثرانداز ہونا شروع کر دیا ہے جس کے بعد ملک کے کئی علاقوں میں شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہوائوں کے سلسلے کی وجہ سے بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقے بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں۔
بلوچستان کے کئی اضلاع موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔