سی ٹی ڈی کی کاروائی، سابق پولیس اہلکار سمیت شام سے تربیت یافتہ دو دہشت گرد گرفتار: دہشت گردی کی ممکنہ کاروائیوں کے پیش نظر سیکیورٹی میں اضافہ

محکمہ انسدادِ دہشت گردی نے سابق پولیس اہلکار سمیت شام سے تربیت یافتہ دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو شہر میں ایک ’اہم شخصیت‘ کو نشانہ بنانے والے تھے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے لشکر جھنگوی سیل نے انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ مل کر شام سے تربیت یافتہ دو عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت سید رضا احمد جعفری اور سید خرم علی کے نام سے ہوئی اور ان کے قبضے سے دو پستول اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔

گرفتار دہشت گرد سید رضا احمد جعفری ایک سابق پولیس اہلکار ہے جسے 1994 میں پولیس فورس سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ ’اسپیشل اسکواڈ گروپ‘ سے وابستہ تھے جو ہائی ویلیو ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں اور اور بیرون ملک سے ہدایات پر اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کرتے ہیں۔

محکمہ انسداد دہشت گردی سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ گرفتار ملزمان کے ممکنہ اہداف میں انتہائی اہم شخصیات اور حریف فرقہ وارانہ گروہوں کے مفتیان شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی نے الزام لگایا کہ ملزمان کچھ عرصے سے جاسوسی کی سرگرمیوں میں مصروف تھے اور اتوار کو شہر میں کسی اہم شخصیت کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس اہم شخصیت کے علاوہ کچھ غیر ملکی شخصیات بھی ان کی ہٹ لسٹ پر تھیں۔

واضح رہے کہ ملک میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی کاروائیوں اور حملوں کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز اور رینجرز کے ساتھ ساتھ محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کی جانب سے بھی ملک بھر میں دہشت گرد گروپوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

23 نومبر کو بلوچستان کے ضلع کیچ میں آپریشن کے دوران محکمہ انسداد دہشت گردی کی ٹیم پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا اور جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

30 اگست کو بلوچستان کے علاقے مہاجر کیمپ سرخاب پشین میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس سے قبل 12 اگست کو پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) نے صوبے کے متعدد شہروں میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران کالعدم عسکریت پسند تنظیموں کے 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائیوں اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کا ارادہ رکھتے تھے۔