ایک طرف سموگ کا تشویش ناک انڈیکس تو دوسری جانب باغوں کے شہر میں آنے اور جانے والی گاڑیاں بھی آلودگی میں حصہ ڈال رہی ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق ٹھوکر،شاہدرہ،بابو صابو، سگیاں،فیروز پور روڈ سمیت شہر میں 7 داخلی و خارجی راستے موجود ہیں، شہر کے 7 ناکوں سے روزانہ اوسطاً 7 لاکھ کے قریب وہیکلز آتی اور جاتی ہیں جن میں بائیکس اور کاروں کے علاوہ ٹرک، ٹرالر،ٹریکٹر ٹرالیاں اور بسیں شامل ہیں۔
موصول ہونیوالے اعدادوشمار کے مطابق روزانہ 2 لاکھ بڑی گاڑیاں ہیں جو ڈیزل پر چلتی اور دھواں چھوڑتی ہیں، اتنی ہی تعداد میں گاڑیاں آلودگی پھیلا کر شہر سے باہر بھی جاتی ہیں، مگر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ان بڑی گاڑیوں کا دھواں چیک کرنے کا خاطر خواہ انتظام نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کی جانب سے سموگ کم کرنے کے اقدامات جنگی بنیادوں پر جاری ہیں تاہم شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پردھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی مزید سخت چیکنگ ضروری ہے۔