چلاس بس حملہ: 17 مشتبہ افراد گرفتار، مقدمہ درج

گلگت بلتستان کے شہر چلاس میں بس پر حملے کے بعد دیامر پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

چلاس میں ہفتی 2 دسمبر کی شب مسافر بس پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے تھے۔

ایف آئی آر میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں اور ابتدائی طور پر17 مشتبہ افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے، جن سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر دیامرکے پبلک ریلیشنز آفیسر (پی آر او) نے بتایا کہ دیامر کے ایس ایچ او عظمت شاہ نے نامعلوم مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا ہے اور علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے دیامر بھر میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور شاہراہ قراقرم پر ٹریفک آج معطل رہے گی۔