کوہستان میں جرگے کے حکم پر لڑکی کو قتل کرنے والا چچا گرفتار

کوہستان میں جرگے کے فیصلے پر لڑکی کے قتل کے واقعے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے لڑکی کے چچا کو گرفتار کرلیا ہے۔

ڈی پی او مختیار تنولی کا کہنا ہے کہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر لڑکی کو قتل کیا گیا تھا، بھتیجی کو قتل کرنے والے چچا کو گرفتار کر لیا ہے۔

مختیار تنولی کے مطابق ملزم کو بشام میں مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، مجسٹریٹ نے ملزم کو چار روز کے لئے پولیس کی تحویل میں دیا ہے۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مقتولہ کا والد پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، لڑکی کو خاندان کے افراد کی مشاورت پر قتل کیا گیا تھا۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے، سائبر کرائم ویڈیو اپ لوڈنگ پر بدستور تفتیش کر رہا ہے، واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بہت جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔