ملیر میں فائرنگ سے علامہ جواد حیدر زخمی، زمان ٹاؤن پولیس سے مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک

کراچی کے علاقے ملیر جعفر طیار میں ڈکیتی مزاحمت پر علامہ جواد حیدر زیدی زخمی ہوگئے، واقعہ کی سی سی ٹی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی۔ دوسری طرف تھانہ زمان ٹاؤن پولیس سے مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک فاٸرنگ کرتے ہوٸے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق علامہ سید جواد حیدر بینک سے رقم لیکر آرہے تھے ، گھر کی دہلیز پر پہنچے تو ملزمان آن پہنچے۔

علامہ سید جواد حیدر زیدی ملزمان سے بچنے کے لئے گھر میں داخل نہیں ہوئے، اور گلی سے باہر بھاگے تو ملزمان بھی موٹرسائیکل سے اتر کر پیچھے آگئے۔

ملزمان نے دو فائر کئے ایک علامہ کی ٹانگ میں لگا، جس کے بعد ملزمان نوے ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔

فائرنگ کا واقعہ سید جواد حیدر کے گھر کے قریب پیش آیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق علامہ سید جواد حیدر زیدی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری طرف کراچی کے تھانہ زمان ٹاؤن پولیس کا سٹریٹ کریمنلز سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فاٸرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور اس کا دوسرا ساتھی پولیس پر فاٸرنگ کرتے ہوٸے فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق اسٹریٹ کرمنلز کی فاٸرنگ سے پولیس اہلکار ثقلین ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

تفصیلات کے مطابق دو ڈاکو کورنگی نمبر 3 گراؤنڈ کے پیچھے روڈ پر شہری سے لوٹ مار کررہے تھے، پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے شدید فاٸرنگ شروع کردی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ ایک پسٹل اور چھیننا ہوا موباٸل فون برآمد کیا گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت کا عمل جاری ہے، فرار ساتھی کو بھی جلد گرفتار کرلیا جاٸے گا، ہلاک ڈاکو کی لاش اسپتال منتقل کی گئی۔