نامعلوم ملزمان تاجر سے ایک کروڑ مالیت کے موبائل فون چھین کر فرار

کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب نامعلوم ملزمان تاجر سے ایک کروڑ روپے مالیت کے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق تاجر اپنی موٹر سائیکل پر موبائل فون لے کر قائد آباد موبائل مارکیٹ سے اپنے گھر ماڈل کالونی جارہا تھا اور اسی دوران ملیر ہالٹ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسے روکا اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ تاجر کا دعویٰ ہے کہ اس سے ایک کروڑ روپے مالیت کے موبائل فون چھینے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ تاجر کا باقاعدہ طور پر بیان قلمبند کیا جارہا ہے جبکہ آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں۔