پنجاب حکومت کا دن بدن بڑھتی اسموگ پر قابو پانے کے لیے مصنوعی بارش برسانے کا پروگرام کھٹائی میں پڑ گیا، ملک میں مصنوعی بارش برسا نے والے طیارے ہی موجود نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پلانٹ پروٹیکشن کے چیف پائلٹ کیپٹن زمان چیمہ کاکہنا ہے کہ ان کے پاس صرف ٹڈی دل کے تدارک اور فصلوں پر اسپرے کرنے والے طیارے ہیں، والٹن ائیرپورٹ پر کروڑوں روپے کے طیارے ناکارہ ہوچکے ہیں۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت کے کابینہ کے اجلاس میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مصنوعی بارش کی تجویز دی گئی تھی، جس پر عمل درآمد کرنے کے لیے تخمینہ مانگا گیا، لیکن جب پلانٹ پروٹیکشن کے چیف سے رابطہ کیا تواُس نے واضح کیا کہ مصنوعی بارش برسانے کے لیے طیارے دستیاب نہیں ہیں۔