کراچی: گاڑی نہ روکنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق، دوسرا زخمی

کراچی: شہرقائد میں ڈکیتوں نے ایک اورنوجوان کی جان لےلی،گلستان جوہرمیں گاڑی نہ روکنے پرڈکیتوں نے فائرنگ  کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہرتھانے کے علاقے گلستان جوہربلاک 2 میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نےڈکیتی کی نیت سے گاڑی میں سوار2 بھائیوں کوروکنے کی کوشش کی توگاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ایک بھائی نے گاڑی دوڑا دی جس پرمسلح ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی اورفرارہوگئے۔

مسلح ملزمان کی فائرنگ سے گاڑی کی  فرنٹ سیٹ  پربیٹھا دوسرا بھائی کمرمیں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے اس کا بھائی تیزی سے جوہرچورنگی کے قریب واقع اسپتال لے جا رہا تھا کہ گلستان جوہرفلائی اوور کا موڑکاٹتے ہوئے پتھرسامنے آنے پرگاڑی الٹ گئی۔


گاڑی الٹنے کے نتیجے میں گاڑی چلانے والا بھائی بھی سراورچہرے پرچوٹیں لگنےسے شدید زخمی ہوگیا دونوں بھائیوں کو فوری طور پرقریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والے نوجوان کی موت کی تصدیق کردی۔

مسلح ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 25 سالہ مرتضیٰ حسین رضوی ولد اختر حیسن رضوی کے نام سے کی گئی جبکہ گاڑی الٹنے سے زخمی ہونے والے دوسرے بھائی کی شناخت27 سالہ علی حسین رضوی کے نام سے کی گئی۔

جاں بحق اور زخمی بھائی گلستان جوہر بلاک 2 کے رہائشی ہیں ،مقتول مرتضی حیسن کے بھائی علی حسین نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ گھر سے نکلے تو اسلحہ لیے افراد کھڑے تھے، ہمیں شک تھا کہ واردات کے لیے کھڑے ہیں ہم نے گھبرا کے گاڑی بھگائی  تو ملزمان نے پیچھے سے دو فائر کیے۔

علی حسین نے مزید بتایا کہ ایک گولی میرے بھائی مرتضی کو لگی، بھائی نے  کہا کہ مجھے گولی لگی ہے ، بھائی کواسپتال لے جانے کے لیے گاڑی تیزبھگائی،  جوہر چورنگی انڈر پاس کے قریب گاڑی تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی، ہمیں موقع پر موجود شہریوں نے اسپتال متنقل کیا۔

ایس ایچ او گلستان جوہر فہد الحسن نے ایکسپریس کو بتایا کہ گاڑی الٹنے کے نتیجے میں زخمی ہونےوالا علی رضوی بن قاسم ٹاؤن میں کسی صابن بنانے والی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے جسے چھوڑنے کے لیے گاڑی میں اس کا چھوٹا بھائی قریبی بس اسٹاپ جارہا تھا کہ راستے میں یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔

اسپتال منتقلی کے دوران نوجوان مرتضی حسین جاں بحق ہوگیا، مقتول کوایک گولی کمر کے نیچے لگی جو موت کا سبب بنی،بڑے بھائی علی کے سر پر چوٹیں آئیں،لیکن حالت خطرے سے باہرہے۔

ایس  ایچ او  گلستان جوہر کے مطابق زخمی علی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پولیس جائے وقوعہ کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کمیروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور جلد واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔