پشاور: خاتون پر مبینہ تشدد اور ہراسانی کے الزام میں ایس ایس پی کیخلاف مقدمہ درج

پشاور  میں خاتون پر مبینہ تشدد  اور  ہراساں کرنے کے الزام میں ایس ایس پی  کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایس ایس پی  کے خلاف مہوش نامی خاتون کی مدعیت میں تھانہ چمکنی میں ایف آئی آر  درج کی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق خاتون کا کہنا ہے کہ  ایس ایس ایس پی  کے ساتھ 4 سال سے میرے شوہر کے خاندان کے تعلقات ہیں، پولیس افسر میرےگھر آکر مجھ سے اپنے شوہر سے طلاق لےکر خود سے شادی کرنےکا کہتا ہے، اس معاملے پر جب پولیس افسرکی بیوی سے شکایت کرنےگئی تو  مجھے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کے متاثرہ خاتون پر تشدد ہوا ہے۔

ایف آئی آر میں 3 دفعات شامل کی گئی ہیں، ترجمان خیبرپختونخوا پولیس نے معاملے پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اعلیٰ پولیس افسر کو فوری طور پر فیلڈ ڈیوٹی سے ہٹا کر سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

مبینہ الزامات کی چھان بین کے لیے باقاعدہ اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی مقرر کرکے اپنی رپورٹ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزیدکہا کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے اور پولیس فورس میں جزا اور  سزا کا عمل ہر قیمت پر جاری و ساری رہےگا۔