پنجاب حکومت نے لاہور میں ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کا فیصلہ کرلیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے لاہور میں مصنوعی بارش برسانے والی متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کی کلاؤڈ سیڈنگ ٹیم کے سربراہ احمد الکمال کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں چیف پائلٹ مائیکل اینسٹس اور پائلٹ کرنل عبید شامل تھے۔
محسن نقوی نے سموگ میں کمی کے لئے مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سموگ میں کمی کیلئے ایک بار پھر مصنوعی بارش برسانے کی کوشش کی جائے گی، متحدہ عرب امارات کی ٹیم مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسائے گی تاکہ سموگ لیول میں مزید کمی لائی جا سکے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش کا لاہور میں کامیاب تجربہ کیا گیا اور ایئر کوالٹی لیول کئی روز 200 سے نیچے رہا، امید ہے کہ جنوری میں مناسب بادل آتے ہی دوبارہ مصنوعی بارش برسائی جائے گی، پاکستان میں پہلی بار مصنوعی بارش برسا کر یواے ای کی ٹیم کا نام تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کے پائلٹس کی اس کاوش کو فراموش نہیں کر سکتی، مصنوعی بارش برسانے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے بے پایاں تعاون کے شکر گزار ہیں۔
یو اے ای ماہرین کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ جنوری میں مطلوبہ بادل آتے ہی مصنوعی بارش برسانے کا دوسرا تجربہ کیا جائے گا،متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے سربراہ احمد الکمال اور وفد کے دیگر ارکان نے شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔