گیس سلنڈر پھٹنے سے میاں بیوی اور بچی جھلس گئے

  کراچی: لیاری کھڈا مارکیٹ میں رہائشی اپارٹمنٹ میں مبینہ طورپرگیس سلنڈر زور داردھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور بچی جھلس کرزخمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ اقصیٰ مسجد کے قریب رہائشی اپارٹمنٹ کے پہلی منزل پرواقع فلیٹ میں مبینہ طورپرگیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے باعث فلیٹ میں آگ لگ گئی۔

آگ لگنے سے گھرمیں موجود بچی اورخاتون سمیت 3جھلس کرزخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا، جھلس کر زخمی ہونے والوں میں 35 سالہ سلیم،بیوی 33 سالہ حمیدہ اور12 سالہ بچی نفیسہ شامل ہیں۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ خاتون  باورچی خانے میں کھانا پکا رہی تھیں کہ اسی دوران گیس سلنڈرسے گیس کا اخراج شروع ہو گیا اوراچانک گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں میاں بیوی اوران کی بیٹی جھلس کرزخمی ہوگئی،گیس سلنڈر کے دھماکے سے فلیٹ کو بھی نقصان پہنچا