کراچی: لیاقت آباد پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے ماں بیٹے کو گرفتار کرلیا۔
لیاقت آباد آپریشن اور انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کے بعد لیاقت آباد میں ایک مکان سے ملنے والی لاش کے اندھے قتل کا معمہ حل کردیا۔
پولیس کے مطابق 2 جنوری 2024 کو لیاقت آباد کی حدود قاسم آباد کے ایک مکان نمبر 451 سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی جس کے سر پر پیچھے کی جانب چوٹ لگی تھی۔
پولیس نے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں متوفی کی شناخت غوث الحسن ولد ابوالحسن کے نام سے ہوئی۔ لیاقت آباد پولیس نے متوفی کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 20/2024 دفعہ 302 ت پ اس کے بیٹے علی حسن کی مدعیت میں درج کیا تھا۔
پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ماں بیٹے کو گرفتار کرلیا۔ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمہ حنا کے متوفی غوث الحسن کے ساتھ تعلقات تھے۔
2 جنوری کو متوفی ملزمہ کے گھر پر موجود تھا کہ اس دوران ملزمہ کا 17 سالہ بیٹا حمزہ ولد نعیم آگیا جس نے طیش میں ڈنڈے کے وار سے متوفی کو قتل کردیا۔ بعد ازاں ملزمہ اور اس کا بیٹا فرار ہوگئے تھے۔