انتہا پسندی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ساتھ دیں، دعا کیلئے ووٹ دینا ہے تو مولانا کو دیں، ایمل ولی

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عوام انتہا پسندی اور  بے امنی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو اے این پی کا ساتھ دیں۔

چارسدہ اور اتمانزئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی کا کہنا تھا کہ اکثر لوگوں کی خواہش تھی کہ میں انتخابی مہم کے لیے نہ نکلوں، مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں لیکن ہم نے جان کی پرواہ کیے بغیر الیکشن مہم چلائی۔

رہنما ای این پی نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میری انتخابی مہم پرامن رہی، الیکشن کے دن پر امن ماحول چاہتے ہیں، تمام امیدواروں کو کہتا ہوں کہ الیکشن کے دن پرامن رہیں۔

ان کا کہنا تھا عوام انتہا پسندی اور بے امنی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو اے این پی کا ساتھ دیں، اگر صرف دعا کے لیے ووٹ دینا ہے تو مولانا کو دیں۔ 

اس سے قبل بھی ایمل ولی نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ اگر کسی نے رویہ بدلا تو ہم بھی نمٹنا جانتے ہیں، ہم خدمت کے لیے کسی وزارت کے محتاج نہیں، کتاب کو ووٹ دینے سے جنت یا دوزخ نہیں ملنی۔