عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی نے کہا ہے کہ پولیس خود محفوظ نہيں تو عوام کی حفاظت کیسے ممکن ہوسکے گی؟
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس تھانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایمل ولی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت افسوسناک ہے، الیکشن سے محض چند دن قبل ایسے واقعات انتہائی قابلِ تشویش ہیں۔
ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور شدت پسندی کو ہر صورت روکنا اور عوام کو تحفظ کا احساس دینا ہوگا، ہم پھر دہراتے ہیں ذمے دار وہ لوگ ہیں جو دہشت گردوں کی دوبارہ آبادکاری میں ملوث ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور ادارے سب جانتے ہیں کہ دہشت گردوں کو واپس کون لے کر آیا، موجودہ حالات کے ذمے دار لوگوں کے خلاف آج تک کیا کارروائی ہوئی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ جب تک سہولت کاروں کو نشانِ عبرت نہيں بنایا جائے گا واقعات رونما ہوتے رہیں گے، شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کے ساتھ دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔