وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے دوڑ میں شامل نہیں، عاطف خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عاطف خان کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے دوڑ میں شامل نہیں۔

سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر عاطف خان نے لکھا کہ صوبائی اسمبلی کی نشست سے انتخابات نہیں لڑا اس لیے وزیراعلیٰ کے لیے دوڑ میں شامل نہیں۔

عاطف خان نے کہا کہ میں سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ براہ راست رابطے میں بھی نہیں، اس لیے صرف امید رکھتا ہوں کہ ایسا وزیراعلیٰ ملے جو خیبرپختونخوا کے لیے کام کرسکے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ وزیراعلیٰ سے لڑنا کوئی آسان کام نہیں اور میں پرویز خٹک اور محمود خان کے ساتھ لڑا اور میں درست ثابت ہوا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب محمود خان کی مخالفت کی تو لوگوں نے اسے ذاتی مفاد یا فارورڈ بلاک سمجھا لیکن پھر سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خود تسلیم کیا میں درست تھا۔