پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ جلد پشاور کا دورہ کرکے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔
ایک انٹرویو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وہ اداروں کے ساتھ کوئی غلط فہمی نہیں چاہتے، تمام اراکین اسمبلی سے رابطے میں ہیں، باہمی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں گے، اداروں کو اعتماد میں لیں گے اور اعتماد دیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے میں صحت انصاف کارڈ فوری شروع کریں گے، لنگر خانے اور پناہ گاہیں بھی دوبارہ شروع کریں گے، حکومتی وسائل پناہ گاہوں کیلئے استعمال نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت کے مطابق فلاحی کاموں کو فروغ دیا جائے گا، مالی مشکلات کے حل کی کوششیں شروع ہیں، مسائل ختم ہوجائیں گے، خیبر پختونخوا کو ویلفیئر صوبہ بنا کر امن و امان کی صورتحال بہتر کریں گے۔