محکمہ موسمیات نے بارش اور مزید برفباری کی پیش گوئی کر دی

آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کا امکان بھی ظاہر کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت، بالائی کے پی، کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان اور بالائی کے پی، کشمیر کے چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شہر اقتدار سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور گردو نواح میں رات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔

مری، گلیات میں رات میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش، برفباری کا امکان، جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں جھکڑ چلنے کی بھی توقع کی گئی ہے۔

اسکردو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری کالام میں منفی 4، گویس میں منفی 3 اور بگروٹ میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا، اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6، لاہور 9 اور کراچی میں 14 ڈگری ریکارڈ کیا گیا